• ایشیا کپ میں افغانستان کے ہاتھوں بنگلادیش کو شکست

ایشیا کپ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 136 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

ابوظہبی  کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں افغان ٹیم کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی ۔ افغان بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔

مڈل آڈر بیٹسمین حشمت اللہ شہیدی 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ راشد خان 57 اور گلبدین نائب 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے اسپنر شکیب الحسن سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں لیں، ابو حیدر نے 2 اور روبیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی، افغان بالرز کی طوفانی بالنگ کے سامنے بنگال ٹائیگرز کی  بیٹنگ مکمل طور پر ناکام ہوگئی، بنگلادیش کے 8 پلیئرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، شکیب الحسن 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمود اللہ نے 27 اور مصدق حسین نے 26 رنز بنائے۔

گروپ بی سے لگاتار دو میچز ہارکر سری لنکا کے ایونٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے باقی بچنے والی دونوں ٹیمیں بنگلا دیش اور افغانستان سپر 4 راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔

ٹیگس

Sep ۲۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
کمنٹس