Jun ۱۷, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۵ Asia/Tehran
  • ورلڈکپ کرکٹ 2019: ہندوستان نے پاکستان کو 89 رنزسے شکست دے دی

ہندوستان نے ورلڈکپ کرکٹ میں پاکستان کو 89 رنزسے شکست دے دی۔

ورلڈکپ کرکٹ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں اور اسی سلسلے میں آج ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے مابین مقابلہ ہو گا۔ جبکہ اس سے قبل کل کے ایک اہم میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 89 رنزسے شکست دی تھی۔

بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہندوستان کے 302 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم  مقررہ 40 اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز ہی بنا سکی۔

اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ہدف کے جواب میں پاکستان کے بلے بازوں میں سے فخرزمان کے سوا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا، تاہم بابر اعظم 40 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، فخرزمان نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

عماد وسیم 46 اور شاداب خان 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی جانب سے وجے شنکر، یادو اور پانڈیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ہندوستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، ہندوستان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا، ہندوستان کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا،  دونوں اوپنرز نے پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز بنائے، دونوں اوپنرز نے نصف سنچری مکمل کی تاہم لوکیش راہول 57 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ روہت شرما نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔

ون ڈاؤن آنے والے ویراٹ کوہلی نے جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری اسکور کی، جب کہ ویرات کوہلی 77 رنز پر محمد عامر کا شکار بن گئے، ہندوستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے تجربہ کار محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز کے کوٹے میں 47 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ  وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 71 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیگس