May ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • عالمی ذرائع ابلاغ میں ایران کے صدارتی الیکشن میں عوام کی شاندار شرکت کا اعتراف

انیس مئی کو ایران میں ہونے والے شاندار صدارتی الیکشن اور اس میں ایرانی عوام کی تاریخ ساز شرکت کا غیر ملکی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے-

ایرانی عوام کے حامی ذرائع ابلاغ ہوں یا غیرجانبدار یا پھر ایرانی عوام کا دشمن میڈیا ہو، سبھی نے صدارتی الیکشن میں ایرانی عوام کی شاندار اور تاریخ ساز شرکت کی تعریف کی ہے اور وسیع پیمانے پر شرکت کا اعتراف کیا ہے-

اخبار جاپان ٹائمز نے لکھا ہے کہ الیکشن میں ایرانی ووٹروں کی شرکت بہت ہی اچھی تھی-

ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس نے لکھا ہے کہ صدارتی الیکشن میں ایرانی عوام کی شرکت بالکل غیر معمولی تھی اور ایرانیوں کو یہ اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ الیکشن کے ان کے لئے بہت ہی اہم ہے۔

ترکی کے اخبار ینی شفق نے لکھا ہے کہ ایرانی عوام نے اپنے صدر کو منتخب کرنے کے لئے بہت بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا۔

امریکی اخبار لاس اینجلیس ٹائمز نے لکھا ہے کہ جمعے کو ہونے والے ایران کے صدارتی الیکشن میں ٹرن آوٹ بہت زیادہ تھا۔ اخبار یو ایس اے  ٹوڈے نے لکھا کہ ایرانی ووٹروں کی بہت بڑی تعداد اپنے صدر کو منتخب کرنے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں پر گئی- اخبار لکھتا ہے کہ یہ الیکشن ایک ایسے وقت ہوا ہے جب امریکی صدر نے اسی ہفتے ایران کے خلاف پابندیوں کے معلق رہنے کی مدت میں توسیع کی ہے۔

آسٹریلیا کے ایس بی ایس ٹی وی چینل نے خبر دی ہے کہ ایرانی عوام نے صدارتی الیکشن میں بہت بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر جا کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا- 

فرانس کے ٹیلی ویژن چینل چوبیس کے نمائندے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایران کے صدارتی الیکشن کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔

میڈل ایسٹ نے لکھا کہ ایرانیوں نے جمعے کو لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنے صدر کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے- جمہوریہ آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی ایران کے صدارتی الیکشن کی خبروں کے بارے میں لکھا کہ ایران ایک ایسا ملک ہے کہ جہاں کے عوام پوری طرح متحد ہیں اور ایرانی عوام کا یہی اتحاد، مغرب کی طویل اقتصادی پابندیوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت اور قوت کی اصل وجہ ہے اور اسی اتحاد کی وجہ سے ایران نے اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں شاندار ترقی کی ہے اور اپنے پرامن ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھایا ہے-

 ایسو شی ایٹڈ پریس نے خبر دی ہے کہ ایرانی عوام نے ایٹمی معاہدے کے بعد پہلی بار صدارتی الیکشن میں حصہ لیا۔ شیکاگو ٹریبیون نے صدارتی الیکشن میں ایرانی عوام کی شاندار شرکت کی خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایرانی عوام نے جمعے کو صدارتی الیکشن میں بھرپور شرکت کی۔ سی بی ایس نیوز نے بھی خبر دی کہ ایران کے الیکشن کو پوری طرح اس نے کور کیا۔ اس چینل نے خبر دی کہ ایرانی عوام نے جمعے کو اپنے صدر کا انتخاب کرنے کے لئے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے۔ شین ہوا اور ڈویچہ ولے جیسے چینلوں نے بھی ایرانی عوام کی شاندار شرکت کی تعریف کی۔ برطانوی اخبار گارڈین  نے لکھا کہ ایرانیوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا ہے۔ المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ صدارتی الیکشن میں ایرانی عوام منجملہ ایرانی خواتین کی شرکت بہت زیادہ رہی- لبنان کے العہد نیوز چینل نے خبر دی کہ ایرانی ووٹروں نے صبح سے ہی ووٹ دینے کے لئے لمبی لمبی قطاریں لگا لی تھیں۔ فرانس پریس نے اپنی رپورٹ میں لمبی لمبی قطاروں میں ایرانی ووٹروں کی تصویریں جاری کی ہیں۔

دنیا کے چاروں گوشوں کے ذرائع ابلاغ نے ایران کے صدارتی الیکشن میں ایرانی ووٹروں کی تاریخی اور شاندار شرکت کا نظارہ کیا اور ان میں سے بہت سے میڈیا کے نمائندے ایران میں موجود تھے لیکن اس کے باوجود وہ ایرانی عوام کے اس قومی جشن کی صحیح تصویر کہ جس طرح سے پیش کرنی چاہئے تھی، پیش نہیں کرسکے مگر مجبورا انھیں اپنی خبروں میں یہ کہنا  پڑا کہ ایرانی عوام نے اپنی اقدار کا بھرپور دفاع کیا-

ایران میں عوام کی موجودگی نے ایک بار پھر اسلامی نظام کے لئے اپنی بھرپور حمایت کو ثابت کیا اور ایرانی عوام کی اسی شاندار شرکت کی ہی بنا پر دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں نے منتخب صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو مبارک بادی کے پیغامات ارسال کر کے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا-

 

ٹیگس