Aug ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • تقریب حلف برداری کی غیر ملکی شخصیات کی تہران آمد اور صدر ایران سے ملاقاتیں

صدر ایران کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران پہنچنے والے مہمانوں نے ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

عراقی صدر برہم صالح نے جمعرات کی صبح ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے عراقی صدر کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے بقول ، ایران، ایک مضبوط اور طاقتور عراق کا خواہاں ہے۔ 

ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران نے عراق کی ارضی سالمیت اور امن و استحکام کے لئے شہید قاسم سلیمانی جیسے اپنی عزیز ترین شخصیات کا خون دینے سے بھی دریغ نہیں کیا ہے۔

اسکے علاوہ صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی سے افغانستان کے صدر، آرمینیا اور الجزائر کے وزرائے اعظم اور آذربائیجان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بھی ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔  

خیال رہے کہ آٹھویں صدر کی حیثیت سے سید ابراہمی رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے مختلف ملکوں کے صدور، وزرائے اعظم، اسپیکر پارلیمان ، وزرائے خارجہ اور دیگر اعلی رتبہ سیاسی ہستیاں تہران پہنچ چکی ہیں۔

صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے جمعرات کو تہران پہنچنے والوں میں عراقی صدر برہم صالح اور افغان صدر اشرف غنی کے علاوہ روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویچسلاو والودین، آرمینیا کے وزیر اعظم نیکول پاشینیان، حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم، صربیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ایویسا ڈاچیچ، الجزائر کے وزیر اعظم ایمن بن عبدالرحمان کے نام شامل ہیں ۔

پاکستانی سینیٹ کے چیئر مین بھی جو ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ، بدھ کی شام تہران پہنچے۔

اس تقریب میں شرکت کے لئے دنیا کے تہتر ممالک کے ایک سو پندرہ اعلی عہدیدار تہران پہنچے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری تہران کے وقت کے مطابق پانچ بجے ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں شروع ہوگی جس میں شرکت کے لئے عالمی رہنما اور ملکی عمائدین پارلیمنٹ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

یہ بھی دیکھئے:

پاکستانی سینٹ کے چیرمین کی صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات

بوسنیہ کی وزیر خارجہ کی صدر ایران سے ملاقات

شام کے پارلیمانی وفد کی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے ملاقات

ٹیگس