Aug ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • امریکی کانگریس کی دو مسلم ارکان کے خلاف صیہونی حکومت کے اقدام پر نینسی پیلوسی کی کڑی تنقید

امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے امریکی کانگریس کی دو خاتون ارکان کو اسرائیل میں داخل ہونے سے روکنے پر نتن یاہو حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔

نینسی پیلوسی نے ایسو شیئیٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو کو امریکی کانگریس کی دو مسلمان خاتون اراکین پر اسرائیل میں داخل ہونے پر پابندی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے اس قدام کو ان حکومتوں کی کمزوری سے تعبیر کیا۔

امریکی کانگریس کی مسلمان خاتون اراکین منجملہ الہان عمر اور رشیدہ طالب کو اسرائیل پر نکتہ چینی کرنے کی بنا پر مقبوضہ فلسطین میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے نتن یاہو حکومت کے اس اقدام کی حمایت کی ہے۔

امریکی کانگریس کی یہ مسلم خاتون اراکین، مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جرائم پر کڑی نکتہ چینی اور اسرائیل کے بائیکاٹ کی تحریک کی حمایت کرتی رہی ہیں۔