Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • امریکی صدر کے خلاف ڈنمارک کے عوام اور سیاستدانوں کا شدید غم و غصہ

جزیرہ گرین لینڈ کو خریدنے کی امریکی صدرٹرمپ کی خواہش کے اعلان پرڈنمارک کے عوام اور سیاستدانوں نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔

ڈنمارک کی سابق وزیراعظم ہیلے تھورننگ نے جزیرہ گرین لینڈ خریدنے اور ڈنمارک کا اپنا دورہ منسوخ کرنے کے ٹرمپ کےفیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے اس رویّے سے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے عوام کی توہین کی ہے۔ ڈنمارک کے سابق وزیرمالیات و تجارت راسموس جارلوف نے بھی امریکی صدر کے اس رویّے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈنمارک کے ایک شہری کی حیثیت سے ٹرمپ کے اس توہین آمیز رویّے سے سخت ناراض ہوں۔ ڈنمارک کے سابق وزیرتجارت نے کہا کہ ٹرمپ کو کس نے اس بات کی اجازت دی ہے کہ وہ جزیرہ گرین لینڈ خریدنے کی بات کریں۔ اس سے قبل ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈ رکسن نے کہا تھا کہ گرین لینڈ قابل فروخت نہیں اور اس علاقے کو خریدنے کا ٹرمپ کا دعوی بیہودہ اور گھٹیا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنا دورہ ڈنمارک کو جو دو اور تین ستمبر کو انجام پانے والا تھا منسوخ کردیا ہے۔ گرینلینڈ جو بحر اوقیانوس اور بحر منجمد شمالی کے درمیان واقع ہے ڈنمارک کے زیرتسلط خود مختار جزیرہ ہے۔اس جزیرے کی آبادی پینسٹھ ہزار ہے اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے چھوٹا علاقہ شمار ہوتا ہے۔