Dec ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۲:۰۴ Asia/Tehran
  • میکسیکو میں خوفناک طیارہ حادثہ، ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش، 10 افراد ہلاک

لاطینی امریکی ملک میکسیکو میں ایک خوفناک ہوائی حادثہ رونما ہوا ہے جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: اطلاعات کے مطابق لاطینی امریکی ملک میکسیکو کے وسطی علاقے میں ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کے دوران  ایک چھوٹا پرائیویٹ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے سبب 10 افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کام شروع کر دیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ سان میٹیو آٹینکو میں پیش آیا، جو ٹولوکا ایئرپورٹ سے تقریباً 5 کلومیٹر اور میکسیکو شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر مغرب میں ایک صنعتی علاقہ ہے۔ حادثے کا شکار طیارہ اکاپلکو سے آ رہا تھا۔

 

میڈیا رپورٹوں کے مطابق طیارہ ایک نزدیکی فٹ بال میدان پر ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا، اسی دوران وہ پاس میں واقع ایک کمرشیل عمارت کی لوہے کی چھت سے ٹکرا گیا۔ چھت سے ٹکرانے کے بعد طیارے میں زبردست آگ لگ گئی، جس نے آس پاس کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

رپورٹ کے مطابق طیارہ پر 8 مسافر اور 2 عملے کے ارکان سوار تھے۔ حادثے کے کئی گھنٹے بعد تک صرف 7 لاشیں ہی برآمد ہو سکیں۔ دیگر افراد یا لاشوں کی تلاش اور شناخت کا عمل جاری ہے۔

 

حادثے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ سان میٹیو اٹینکو کی میئر اینا منیز نے ’میلینیو ٹیلی ویژن‘ سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ’’آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے آس پاس کے تقریباً 130 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔‘‘

انتظامیہ نے احتیاطاً پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔ مقامی لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے اور جائے وقوعہ کے آس پاس سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس