مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے پر بہار کے وزیراعلیٰ کی مذمت کا سلسلہ جاری، عام آدمی پارٹی نے کہا "کنٹرول کبھی کپڑے کے ایک ٹکڑے پر نہیں رُکتا۔"
ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ ایک مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے پر بڑا تنازعہ کھڑا ہونے کے بعد نتیش کمار کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ ایک سرکاری پروگرام کے دوران مسلم خاتون کا حجاب کھینچنے پر بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے رویئے کی مذمت کی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پیر کے روز پٹنہ میں منعقدہ ایک سرکاری پروگرام میں مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچ دیا جس کے بعد ان کے اس عمل پر تنقیدوں کا طوفان آگیا ہے اور وزیراعلیٰ کے اس رویہ سے ریاست میں خواتین کی حفاظت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔
کانگریس اور آر جے ڈی پارٹیاں پہلے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مذمتی بیانات شیئر کرچکی ہیں، اب اس سلسلے میں اترپردیش کے کیرانہ حلقے سے سماجوادی پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ اقرا حسن نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجوادی پارٹی کی ایم پی اقرا حسن نے نتیش کمار کے اس عمل کو بے حد شرمناک واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اس طرح سرعام خاتون کا حجاب کھینچنا اس کی عزت پر حملہ ہے۔
ایس پی ایم پی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا، "شرمناک! ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنا اس کے وقار اور مذہبی شناخت پر براہ راست حملہ ہے۔ جب ریاست کا وزیراعلیٰ ایسا کرے تو خواتین کی حفاظت پر سوال اٹھنا لازمی ہے۔"
ادھر عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بھی مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچے جانے کے اقدام کی مذمت کی ہے۔ عآپ کی ترجمان پرینکا ککڑ نے ایکس پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "اگر آج اقتدار میں بیٹھا کوئی مرد ایک عورت کا حجاب ہٹا سکتا ہے تو کل کون فیصلہ کرے گا کہ میرے ڈھکے ہوئے بازو اُسے ناراض کرتے ہیں؟ کنٹرول کبھی کپڑے کے ایک ٹکڑے پر نہیں رُکتا۔"
مذکورہ واقعے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شیوسینا کی رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے بھی اس فعل کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایکس پوسٹ پر کہا کہ "نہ وزیراعلیٰ اور نہ وزیر اعظم، کسی کو بھی ایک بالغ اور پڑھی لکھی عورت کو اس کے لباس کے انتخاب پر سرعام ذلیل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel