Dec ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۳:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: ضلع گھوٹکی میں بس کے اغوا کے بعد پولیس اور رینجرز کی کارروائی، 10 افراد بازیاب

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ایک مسافر بس کے اغوا کے بعد مسافروں کی بازیابی کے لیے پولیس اور رینجرز نے کارروائی کی جس میں اب تک 10 افراد کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پیر کی رات صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک مسافر بس کو ڈاکوؤں نے روک کر 19 افراد کو اغوا کر لیا تھا۔

بس کے اغوا کے بعد مسافروں کی بازیابی کے لیے کی گئی پولیس اور رینجرز کی کارروائی میں حکام نے اب تک 10 افراد کی بازیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی کارروائی جاری ہے۔ یہ واقعہ ضلع گھوٹکی میں اوباڑو کے نزدیک پیش آیا۔

 

رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ نے بتایا ہے اغوا کیے جانے والے مسافروں میں سے اب تک 10 مغویوں کو بازیاب کروایا جا چکا ہے۔

ڈی آئی جی سکھر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، پولیس اور رینجرز کی جانب سے ساری رات جاری رہنے والے آپریشن کے دوران کچے کی طرف جانے والے تمام راستے بروقت بند کر دیئے گئے جس کے باعث ڈاکو مغویوں کو کچے کی طرف لے کر جانے میں ناکام رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 10 مغوی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کروا کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے۔

ڈی آئی جی سکھر کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں آپریشن میں ایس ایس پی خیرپور، ایس ایس پی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی سکھر رینج کے اہلکار شامل ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس