Sep ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • روس اور چین کے گہرے تعلقات پر ماسکو کی تاکید

روس کے وزیرخارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو اور بیجنگ کے درمیان تعلقات اتنے قریبی ہیں کہ کوئی تیسرا ملک اس میں خلل پیدا نہیں کرسکتا۔

اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے اپنے بیان میں کہا کہ روس اور چین کی وزارت خارجہ کے تعلقات تعمیری، فعال اور اتنے گہرے ہیں کہ دونوں ممالک اپنے مدنظر تمام اہداف حاصل کرسکتے ہیں اور ان تعلقات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ روس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ماسکو اور بیجنگ کے درمیان جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے پر دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے دستخط کئے ہیں اور اس اعلامیے میں مزید اہداف کو مدنظر رکھا گیا ہے اور مشترکہ مفادات اور مزید تعاون کی راہوں کا تعین کیا گیا ہے۔ روس اور چین کے تعلقات کی تاریخ طویل ہے اور حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں نے باہمی اور چندجانبہ شعبوں میں سرگرم تعاون کیا ہے۔ امریکی اقدامات اور مداخلت کا مقابلہ کرنے میں بھی روس اور چین کے تعلقات میں یکجہتی رہی ہے اور حال میں دونوں ملکوں کے حکام نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے امریکہ کے انٹرمیڈیٹ رینج کے میزائلوں کی اپ گریڈنگ اور تنصیب کے پروگرام سے سختی سے نمٹنے کا بھی مطالبہ کیا ہے-