بلاول بھٹو کو ٹرمپ کے امن معاہدے پر بھروسہ نہیں، شہباز شریف کی تقریر کے بعد بے چینی بڑھی
پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے غزہ میں جنگ بندی جاری رہنے کے بارے میں شک اور عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں نام نہاد جنگ بندی کی گئی جس کے جاری رہنے پر انہیں یقین نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تک جانے کتنی بار جنگ بندی ہوئی جس کی اسرائیلی حکومت نے خلاف ورزی کی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ جنگ بندی بھی دھوکہ ثابت ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غزہ میں دنیا نے تاریخی نسل کشی دیکھی ہے، وہاں بچوں، صحافیوں، ڈاکٹروں اور نرسوں کا قتل عام کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز شرم الشیخ میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف بھی موجود تھے اور ٹرمپ نے میاں شہباز شریف کو تقریر کی دعوت دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے عجیب سی بے چینی اور ڈر ہے کہ کہیں اس بار بھی دھوکہ نہ کیا جائے۔