Mar ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • دنیا بھرمیں مولود کعبہ کا جشن

مولود کعبہ امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب کی ولادت باسعادت کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی مسرت و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

مولی الموحدین امیر المومنین حضرت علی(ع) اسلامی تاریخ کی وہ درخشاں ہستی ہیں کہ جن کا کردار ہر اعتبار سے نمایاں اور ممتاز رہا ہے۔ آپ اس دنیا میں تشریف لائے تو مولود کعبہ کہلائے۔ سب سے پہلے جس ہستی کو دیکھا وہ رسالت مآب (ص) ہی تھے۔آپ (ص) کے سایہ عاطفت میں ہی گھٹنوں کے بل چلے اور آغوشِ رسالت میں نشوونما پا کر بالآخر میدان جہاد کے شہسوار بن گئے۔

مولودِ کعبہ نے کائنات کی ہر شیئ کو اسلام کی ہی روشنی میں دیکھا۔ درسگاہِ نبوی میں تعلیم و تربیت پائی۔ معلم انسانیت جیسا معلم و مربی ملا۔ رہنے کو نبوت کا گھرانہ اور بود و باش کے لئے سرزمینِ وحی ملی۔ قرآنی آیات کی شانِ نزول کے چشم دید گواہ بنے۔

حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی مذہبی جوش جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پورے ملک کی سرکاری اور نجی عمارتوں، مساجد،امام بارگاہوں اور سڑکوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے-

مولائے کائنات کی ولادت باسعادت کے موقع پرعراق کے مقدس شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین اور سامرہ میں بھی جشن کا اہتمام کیا گیا ہے-

پاکستان اور ہندوستان میں اگرچہ تیرہ رجب کل بروز پیرہے لیکن ان ملکوں میں بھی جشن کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جگہ جگہ محافل میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور گھر گھر نذر و نیاز کا سلسلہ جاری ہے-

سحرعالمی نیٹ ورک جشن مولود کعبہ کے اس پر مسرت موقع پر اپنے تمام سامعین ناظرین اور چاہنے والوں کو دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس

کمنٹس