Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • داعش: فرانسیسی کمپنی کے ملازم کا گلا کاٹنے کی دھمکی

مصر میں دہشت گرد گروہ داعش نے فرانسیسی کمپنی کے ایک ملازم کا سر قلم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش نے اپنی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیو میں یرغمالی شخص تامیسلاو سالوپک ایک عبارت پڑھتے ہوئے نظر آتا ہے۔ اس میں وہ کہتا ہے کہ اسے بائیس جولائی کو یرغمال بنایا گیا اور وہ قاہرہ میں ایک فرانسیسی کمپنی کا ملازم تھا۔ تامیسلاو سالوپک نے اس ویڈیو میں نارنجی رنگ کا لباس پہنا ہوا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ یہ لوگ میرے بدلے میں مصر کی جیل میں قید دو خواتین کی آزادی کے خواہاں ہیں اور اگر آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران یہ کام نہ کیا گیا تو ولایت سینا کے جنگجو مجھے قتل کر دیں گے۔ واضح رہے کہ ولایت سینا مصر کے صحرائے سینا میں دہشت گرد گروہ داعش کی ایک شاخ کا نام ہے۔ اس سے قبل اس گروہ کا نام انصار بیت المقدس تھا اور اس نے رواں سال کے اوائل میں دہشت گرد گروہ داعش کی بیعت کی تھی۔