ایرانی وزارت خارجہ: خطے کے ممالک اپنی قلمرو اور وسائل ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے علاقے کے ممالک کونصیحت کی ہے کہ اپنی قلمرو اور وسائل ایران کے خلاف جارحیت کے لئے استعمال کئے جانے کی اجازت نہ دیں
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے کے ممالک کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ ان کی سرزمین، قلمرو اور وسائل ایران کے خلاف جارحیت کے لئے استعمال کئے جائيں۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام مختلف مکتوب میں وضاحت کی جاچکی ہے، اپنی حکمرانی میں آنے والی قلمرو اور اقتدار سے دوسروں کو نقصان پہنچانے سے ممانعت کے اصول کی بنیاد پر حکومتوں کو اس بات سے منع کیا گیا ہے کہ ان کی قلمرو براہ راست یا بالواسطہ دوسری مملکتوں کو نقصان پہنچانے کے لئے استعمال کی جائے۔
اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرار داد 3314 میں جو متفقہ طور پر پاس ہوئی ہے،کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحیت کے لئے اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے اختیار میں دینے کو جارحیت کا مصداق قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ملکوں کا فریضہ ہے کہ اپنی قلمرو میں موجود افواج کو دوسرے ملکوں کے خلاف اقدام سے سختی سے روکیں، اوران کی حمایت نیز انہیں سہولت فراہم کرنے سے پرہیز کریں۔
ظاہر ہے کہ مذکورہ اصول کی خلاف ورزی کی صورت میں، جن ملکوں کی قلمرو کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحیت کے لئے استعمال ہوگی ان پر جارحیت کا نشانہ بننے والے ملک کے نقصانات کی تلافی کی ذمہ داری اور قانونی جواب دہی عائد ہوگی۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی سرزمین کے دفاع کے ذاتی حق کے تحت، اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنی ذمہ داریوں اور فرائض پر عمل کرتے ہوئے، علاقے میں جارحین کے اڈوں اور تنصیبات پر دفاعی حملے کئے ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اس کا یہ اقدام مکمل طور پر قانونی ہے اوراس سلسلے میں پہلے ہی ضروری انتباہات دیئے جاچکے تھے۔
کوئی بھی عمل امریکا اور صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کے مقابلے میں ایران کے اپنے دفاع کے ذاتی حق کو مخدوش نہیں کرسکتا۔
خطے کے ملکوں نے اب تک جان لیا ہوگا کہ ان کی قلمرو میں موجود امریکی اڈوں نے خطے کی سیکورٹی میں کوئی مدد نہیں کی ہے بلکہ امریکی جارحین ان اڈوں سے بچوں کے قاتل صیہونیوں کی حمایت میں کام لے رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران نےباہمی احترام اور اچھی ہمسائگی کے اصول کی بنیاد پر علاقے کے ملکوں کے ساتھ دوستانہ روابط محفوظ رکھنے اور ایک دوسرے کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کا احترام باقی رکھنے کی کوشش کی ہے اور اس کی تاکید ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات پر دفاعی حملے کو علاقے کے ملکوں سے دشمنی نہ سمجھا جائے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel