مسجد الاقصی کے خلاف اسرائیلی منصوبے پر شیخ الازہر کا انتباہ
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
مصر کے شیخ الازہر نے مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کے صیہونی حکومت کے منصوبے کے سلسلے میں خبردار کیا ہے-
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق شیخ الازہر احمد طیب نے جمعرات کو مذہبی امور میں فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ کے مشیر محمود ھباش کے ساتھ ملاقات کی- اس ملاقات میں احمد طیب نے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ الازہر کسی بھی طور پر مسجد الاقصی کو، جو مکمل طور پر صرف مسلمانوں سے متعلق ہے، زمان و مکان میں تقسیم کرنے کو قبول نہیں کرے گی- شیخ الازہر نے اسلامی تعاون تنظیم، مسلم اور عرب حکومتوں اور تمام بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسجد الاقصی کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور فلسطینوں کے خلاف صیہونی جرائم کی روک تھام کریں- اس ملاقات میں محمود ھباش نے بھی مسلم اور عرب قوموں کو درپیش حساس حالات میں جامعۃ الازہر کی جانب سے مسئلہ فلسطین اور فلسطینی قوم کی حمایت کئے جانے کو سراہا-