Aug ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۹ Asia/Tehran
  • مشرقی یوکرین میں کشیدگی میں اضافہ، بان کی مون کا انتباہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مشرقی یوکرین میں تشدد میں اضافہ ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مشرقی یوکرین میں کشیدگی میں اضافہ ہونے کی بابت خبردار کرتے ہوئے اس علاقے میں تشدد کے خاتمے کے لئے فوری طور پر اقدامات انجام دینے کی اپیل کی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ انسانوں کی جانیں ضائع ہونے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر منتج ہونے والے پرتشدد واقعات قابل قبول نہیں ہیں۔ بان کی مون نے مشرقی یوکرین کے متحارب گروہوں سے کشیدگی اور تشدد کے خاتمے اور تحمل و برداشت سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تشدد کے خاتمے کے ذریعے مزید افراد کے قتل کی روک تھام کریں۔ دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے غیرملکیوں پر یوکرین کا انتظام چلانے اور مشرقی یوکرین میں بدامنی میں شدت پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔ روسی صدر نے کہا ہے کہ یہ امر یوکرین کے عوام کی توہین ہے۔ ولادیمیر پوتن نے جزیرہ کریمیہ کے دورے کے موقع پر کہا ہے کہ ان کو یقین ہے کہ یوکرین موجودہ مشکلات کے باوجود ترقی کے راستے پر آگے بڑھے گا اور اس توہین آمیز صورتحال کا خاتمہ کر دے گا کہ ایک ملک کی حیثیت سے اس کا انتظام غیرملکیوں کے ہاتھوں میں ہو۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے مہینے میں یوکرین میں مغرب نواز حکومت قائم ہوئی- جس میں امریکا،جارجیا اور لتھوانیا کا ایک ایک شہری بھی شامل ہے۔ یہ افراد اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ ادھر گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مشرقی یوکرین میں لڑائی کے دوران کم از کم دس افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔