Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان روس فوجی تعاون میں توسیع سے روس ہند تعلقات پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے: روسی نائب وزیر خارجہ

روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان فوجی تعاون میں توسیع سے روس اور ہندوستان کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے-

اطلاعات کے مطابق روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے جمعہ کے روز ایک تقریر میں ایم آئی پینتیس قسم کے ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے بارے میں پاکستان کے ساتھ دو جانبہ معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان تعاون سے روس اور ہندوستان کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے- انہوں نے پاکستان کو روس کا ںزدیک ترین شریک قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور روس مختلف شعبوں، خاص طور سے توانائی کے شعبے، میں تعاون میں فروغ کے خواہاں ہیں- سرگئی ریابکوف نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان سوخو پینتیس قسم کے جنگی طیاروں کی فراہمی کے بارے میں مذاکرات جاری ہیں- قابل ذکر ہے کہ جنگی طیاروں کی چوتھی نسل کے دو انجن والے سوخو پینتیس قسم کے جنگی طیارے ایسے طیارے ہیں جو جیٹ جنگی طیاروں کی پانچویں نسل کی ٹیکنالوجی کے حامل ہیں اور ان کی رفتار بھی بہت تیز ہوتی ہے-