ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو
ہندوستان کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فونی گفتگو کی ہے جس میں علاقائی تغیّرات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سحرنیوز/ایران: اس گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ نے گزشتہ 11 دن کے دوران، میناب شہر میں واقع لڑکیوں کے پرائمری اسکول پر میزائل حملے اور غیر فوجی مقامات اور عوامی خدمات کے مراکز پر ہونے والے وسیع حملوں سمیت، ایرانی عوام پر کی گئی امریکی اور اسرائیلی جارحیت سے ہندوستانی وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس کے ساتھ ہی ایرانی عوام کے بھرپور دفاع کے تہران کے عزم پر تاکید کی۔
سید عباس عراقچی نے امریکہ اور غاصب اسرائیل کی جارحانہ کارروائی کو اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کھلّم کھلّا فوجی جارحیت اور قانون شِکنی کی مذمت کریں۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے جہازرانی اور آبنائے ہُرمُز سے گزرنے والے جہازوں کی سیکورٹی پر پڑنے والے امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کے نتائج کے بارے میں بھی بات چیت کی۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel