Jan ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکہ اپنے گریبان میں جھانکے

امریکی ایوان نمائندگان نے اس ملک کی حکومت کی تزویری پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی جس میں ایران کے بعض شہروں میں ہونے والی حالیہ بدامنیوں کی حمایت کا اعلان کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا-

اس قرارداد کے ایک حصے میں کہ جو منگل کو منظور ہوئی آیا ہے کہ ایوان نمائندگان ، حکومت کو، ایرانی حکومت کی جانب سے  بقول اس کے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کی مذمت کے لئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل اور سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور ٹارگیٹیڈ پابندیاں عائد کرنے نیز ایسا طریقہ کار معین کرنے کی ہدایت کرتا ہے جس کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھی جا سکے-

امریکہ ایسے عالم میں ایران پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور تشدد و خون ریزی برآمد کرنے کا الزام لگاتا ہے کہ امریکی عوام ایک عرصے سے اپنے ملک میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منگل کو ایک بیان میں ایران کے بارے میں امریکی حکام کی ڈینگوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تمھیں شرم نہیں آتی کہ گذشتہ ایک برس کے اندر آٹھ سو امریکی، پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ہیں- وال اسٹریٹ تحریک کے معاملے میں تم نے عوام کے ساتھ جو چاہا کیا اور ہرطرح کے امکان و الزام کے ذریعے عوام کو قتل کیا ، اور ایران کے بارے میں تشویش ظاہر کررہے ہو-

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن نے ایک بیان میں امریکہ میں آتشیں ہتھیاروں سے روزانہ نوے افراد کے مارے جانے کی خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس ملک میں ہرسال تینتیس ہزار افراد ہتھیاروں سے قتل کردیئے جاتے ہیں اور اس کا مطلب یہ ہے کہ روزانہ نوے افراد فائرنگ کے واقعات میں ہلاک ہوتے ہیں- امریکہ میں ہرسال ہتھیاروں سے جو تیس ہزار افراد قتل ہوتے ہیں ان میں وہ افراد شامل نہیں جو امریکی پولیس کے ہاتھوں ہلاک کئے جاتے ہیں- 

لاپروگریسیو امریکی ویب سائٹ نے اس ملک میں سیاہ فام قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکہ میں سیاہ فام قیدیوں کی تعداد ان سیاہ فاموں سے زیادہ ہے جو اٹھارہ سو پچاس میں اس ملک میں خانہ جنگی سے پہلے غلام بنائے جاتے تھے-امریکہ کے اصلی باشندوں نے ابھی کچھ پہلے میری لینڈ میں دریائے میسوری میں تیل پائپ لائن کی تعمیر پر احتجاج کے دوران ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ جب تم مقامی افراد کی زمینوں کو برباد کررہے ہو توپھر کس منھ سے آزادی و مساوات کی بات کرتے ہو- اصل نکتہ اسی حقیقت میں ہے کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان میں اس قوم کے نمائندے عوام کے حقوق کی پامالی پرفکرمند ہیں تو انھیں پہلے امریکی معاشرے پر ایک نظر ڈالنا چاہئے-

نیویارک ٹائمز کے تجزیہ نگار ویلیم - وی ، شانون نے امریکی پالیسیوں کی ناکامی کے بارے میں اپنے ایک مقالے میں لکھا ہے کہ امریکہ ، پچیس سال سے کوشش کررہا ہے کہ تیسری دنیا میں نیکی کرے ، سیاسی آزادی اور سماجی انصاف کو مضبوط بنائے لیکن لاطینی امریکہ سے کہ جہاں کے لوگوں کے ہم روایتی حامی اور دوست رہے ہیں اور ایشیاء سے کہ جہاں ہم نے اپنے سرمائے اور جوانوں کی دردناک قربانیاں دی ہیں ، ہمارے تعلقات غالبا دائمی غم و اندوہ ، بربادی اور ٹریجڈی کا سرچشمہ رہے ہیں-

ان حقائق اور امریکہ کے ماضی و حال پر ایک نگاہ ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں ایران مخالف قراردادوں کی منظوری کو انسانی حقوق کی حمایت میں امریکہ کے تزویری اور عیارانہ رویے کا تسلسل سمجھنا چاہئے جس کی کوئی اہمیت و حیثیت نہیں ہے-

ٹیگس