Jul ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی اور یمنی بچوں کے قتل عام کو روکا جائے: ایران کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے پیر کی شام کو، سلامتی کونسل کے اجلاس میں بچوں کی قاتل حکومتوں کے تعلق سے سلامتی کونسل کے لچکدار رویے پر کڑی تنقید کی ہے-

غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناجائز صہیونی ریاست اور سعودی عرب کو فلسطین اور یمن میں نہتے بچوں کی قاتل حکومتوں کی فہرست میں شامل کریں-

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے غزہ میں وطن واپسی کی پرامن ریلیوں میں شریک فلسطینی بچوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے میں جبکہ اسرائیلی حکومت بدستور فلسطینی بچوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ابھی تک بچوں کی قاتل اس حکومت کو، مسلح تنازعات میں بچوں کے حقوق کے خلاف ورزی کرنے والوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے- انہوں نےکہا کہ غزہ میں حالیہ فلسطینی مظاہروں میں صہیونی فورسز نے ظلم کی انتہا کردی اورپُرامن مظاہروں میں بچے بھی شہید ہوئے ہیں- 

غلام علی خوشرو نے اس اجلاس میں اسی طرح سعودی عرب اور متحدہ امارات کے توسط سے  یمنی بچوں کے قتل عام کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اور یمنی بچوں کی صورتحال ایک جیسی ہے لہذا اقوام متحدہ اور پوری عالمی برادری کو چاہئے کہ ان مسائل کی روک تھام کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔ عالمی برادری کو اقوام متحدہ سے، کہ جو قوموں کے حقوق کی حمایت کا ذمہ دار ادارہ ہے یہ توقع ہے کہ وہ فلسطین، یمن اور دنیا کے دیگر علاقوں میں بچوں کا قتل عام رکوانے کے لئے عملی اقدامات انجام دے -

بلاشبہ فلسطین میں اسرائیل کے جرائم میں امریکی حکومت بھی برابر کی شریک ہے اور اس نے اسرائیل کی حمایت کرکے، اس کو فلسطین کے مظلوم و بے گناہ عورتوں اور بچوں کے خلاف ہولناک جرائم جاری رہنے کے لئے مزید گستاخ بنا دیا ہے۔ صیہونی حکومت کے ہاتھوں بے رحمی سے یہ قتل عام ایسی حالت میں جاری ہے کہ سعودی عرب کا نام بھی گذشتہ چند برسوں میں بچوں کی قاتل اور جارح حکومتوں کی فہرست میں شامل ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی اتحاد نے امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت کی مکمل حمایت سے علاقے کے غریب اسلامی عرب ملک، یمن کو مارچ دو ہزار پندرہ سے وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے اور اس ملک کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ یمنی عوام پر مسلط کردہ اس جنگ کے نتیجے میں چودہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار دیگر زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ یمن کے جاری محاصرے کے نتیجے میں اس ملک کو دواؤں اور غذائی اشیا کی شدید قلت کا سامنا ہے اور ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو چکی ہیں پھر بھی اس ملک کے عوام نے دشمنوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا ہے اور وہ ہر طرح کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ 

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بقول ہر دس منٹ میں ایک بچہ ہیضے کی بیماری یا بھوک مری کی وجہ سے جو یمن کے محاصرے کے باعث وجود میں آئی ہے، اپنی جان سے ہاتھ دھو رہا ہے اور اگر اس صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو دنیا مستقبل میں بچوں کے قتل عام کا اس سے زیادہ وسیع پیمانے پرمشاہدہ کرے گی-

برطانوی اخبار گارڈین نے اسی سلسلے میں ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ محمد بن سلمان وہی شخص ہے کہ جس نے جنیوا کنوینشن کی خلاف ورزی کی ہے اور یمن میں زرعی بنیادی ڈھانچے کو، جنگ کی ابتدا میں ہی تباہ کردیا اور پھر اس نے غذائی اشیاء بنانے والے کارخانوں اور ڈیری فارموں پر بھی بمباری کردی اور عام شہریوں کے خلاف اس نے ہوائی حملے کرکے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو خاک و خون میں غلطاں کردیا ہے جس میں بہت سے بچے بھی شامل ہیں- سیاسی مسائل کے ماہر میٹئو موجا کہتے ہیں کہ سعودی عرب اس وقت یمنی بچوں کے خلاف جارحیت کر رہا ہے اور اس نے اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کرکے ان کو تباہ کردیا ہے اور اقوام متحدہ نے بھی اس کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا ہے اس لئے کہ وہ بھی امریکہ کا خدمت گذار ہے- 

یمن کے خلاف سعودی حکومت کے توسط سے محاصرہ جاری رہنے کے سبب اس ملک میں انسانی المیہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور یمن میں سعودی عرب کے غیر انسانی رویوں اور غزہ میں بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کے رویوں میں بہت زیادہ مشابہت پائی جاتی ہے-غزہ کے خلاف بائیس روزہ جنگ کے دوران، جارح صہیونی حکومت کے لئے بچوں کی قاتل حکومت کی اصطلاح ، میڈیا میں عام ہوگئی- اس وقت سعودی عرب بھی اسرائیل کی مانند، بچوں کی قاتل حکومت میں تبدیل ہوگئی ہے- بلا شبہ فلسطین میں صیہونیوں کے جاری جرائم اور یمن میں سعودی عرب کے ہاتھوں بچوں کا قتل عام، درحقیقت امریکی حمایتوں اور اقوام متحدہ کی کمزوری کا نتیجہ ہے۔ اقوام متحدہ نے اس جارح حکومت سے مقابلے کے لئے کوئی موثر اقدام نہیں کیاہے جبکہ اسے معلوم ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل دونوں ہی قابل نفرت ہیں اور ان دونوں ملکوں  کا شمار بچوں کی قاتل حکومتوں میں ہوتا ہے-   

  

    

 

ٹیگس