افغانستان کی ترقی و پیشرفت میں چابہار بندرگاہ کا کردار نہایت اہم ہے: افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ
افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے افغانستان کی ترقی و پیشرفت میں ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں چابہار بندرگاہ کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے بدھ کے روز چابہار اوپن یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس اور علاقے کے حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چابہار کا اپنی اسٹریٹجک پوزیشن کی بنا پر افغانستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے کیونکہ افغانستان سے اس علاقے کا فاصلہ بہت کم ہے اور آزاد پانیوں تک دسترسی ہے جس کی وجہ سے یہ اشیا کی ٹرانزٹ کے لیے بہترین جگہ ہے۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ اس بات کے پیش نظر کہ چابہار نے مختلف میدانوں میں اچھی ترقی و پیشرفت کی ہے، یہ افغانستان کے تاجروں کے لیے امید کی جگہ شمار ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کابل ایران سے تیل اور توانائی کی منتقلی اور ریلوے لائن کا رابطہ چاہتا ہے اور ٹرانزٹ، ثقافت، کھیل کود اور اقتصاد کے منصوبوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے اس کے پاس مختلف میکنزم ہیں۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹو نے ایران اور افغانستان کے تعلقات میں فروغ کو دونوں ملکوں کے عوام کے لیے مفید اور موثر قرار دیا اور کہا کہ افغانستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں ایران جیسے ہمسایہ اور دوست ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔ عبداللہ عبداللہ تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی رتبہ حکام کے ساتھ ملاقات اور بات چیت کے بعد بدھ کے روز چابہار پہنچے۔ وہ آج رات چابہار سے افغانستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔