امریکی اقتصادی ترقی کی شرح مطلوبہ اہداف سے کم رہے گی: آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے امریکہ کی اقتصادی ترقی کی شرح، مطلوبہ اہداف سے کم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جاری کردہ تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال اور آئندہ سال کے دوران امریکہ میں اقتصادی ترقی کے اہداف پورے نہیں ہوسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار سولہ اور سترہ کے دوران امریکہ میں اقتصادی ترقی کی شرح ، اعلان کردہ اعداد و شمار سے کم رہے گی۔
رپورٹ میں یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے عالمی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کی بابت بھی خبر دار کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق، یورپی یونین سے برطانیہ کا اخراج عالمی معیشت کے لیے تباہ کن اثرا ت کا باعث بنے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کی تازہ رپورٹ میں چین کی اقتصادی ترقی کی شرح میں سست روی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی اقتصادی سست روی کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہے گا۔ آئی ایم ایف کی پیش گوئی کے مطابق رواں سال کے دوران چین کی اقتصادی ترقی کی شرح ، ساڑھے چھے فی صد تک رہنے کا امکان ہے۔