پاکستان: ایران امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات کا خیرمقدم؛ مسائل کو سفارت کاری کے ذریعے حل کئے جانے پر زور
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے مسقط میں ہونے والےایران امریکہ بالواسطہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کا علاقائی مسائل کے سلسلے میں بہت قریبی رابطہ ہے اور ہم امن اور سفارتکاری کے لئے کئے جانے والے تمام اقدامات کی پوری سنجیدگی کے ساتھ حمایت کرتے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے جمعرات کے دن اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ارنا کے نامہ نگار کے سوال کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران ارو امریکہ کے درمیان عمان کی میزبانی سے ہونے والے بالواسطہ ایٹمی مذاکرات کا خیرمقدم کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد تمام مسائل کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں ہم تہران کے مواقف کو اہم قرار دیتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور پاکستانی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی حالیہ ٹیلی فونی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں ممالک کےسربراہوں کےدرمیان بہت قریبی رابطہ ہے اور ہم علاقائی مسائل کے سلسلے میں باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔