ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان بینکاری شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلامی جمہوریہ ایران کے مرکزی بینک اور جنوبی کوریا کے کے ڈی بی بینک کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے شعبے کے سربراہ غلام علی کامیاب نے پیر کے روز تہران میں اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری تعاون میں فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور جنوبی کوریا باہمی تجارت میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے مشرقی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں توسیع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے زمانے میں مشرقی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں فروغ آیا اور تہران اپنی یہ پالیسی خاص طور پر ان ممالک کے سلسلے میں جاری رکھے گا کہ جنھوں نے پابندیوں کے زمانے میں ایران کے ساتھ اچھا تعاون کیا تھا۔
جنوبی کوریا کے بینک کے ڈی بی کے سربراہ لی دانگ ژئول نے بھی اس ملاقات میں اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو ایران کے مرکزی بینک اور کے ڈی بی بینک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا اور کہا کہ ان کا بینک ایران کے مرکزی بینک کے ساتھ پائیدار اور تعمیری تعلقات قائم کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گا اور اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط اس سفر کا آغاز ہے۔
جنوبی کوریا کا کے ڈی بی بینک مکمل طور پر سرکاری بینک ہے اور یہ بینک ملک سے باہر جنوبی کوریا کے منصوبوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے اور داخلی بینکوں اور کمپنیوں کے لیے صنعتی سرمایہ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔