Sep ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران کے پٹرولیم کے وزیر اور اوپیک کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ تیل کی فی بیرل پچپن ڈالر قیمت کی حمایت کرتا ہے۔

ایران کے پٹرولیم کے وزیر بیژن نامدار زنگنہ نے تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے سیکریٹری جنرل محمد بارکیندو سے ملاقات کے بعد تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر اس فیصلے کی حمایت کرےگا جو عالمی منڈیوں میں  اوپیک کے تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے کیا جائے گا-

انہوں نے کہا کہ پچپن ڈالر فی بیرل تیل کی قیمت مناسب قیمت ہے اور ایران اس کی حمایت کرتا ہے- انہوں نے کہا کہ اوپیک کے بھی بیشتر ارکان کا خیال یہی ہے کہ اوپیک کے  تیل کی قیمت فی بیرل پچاس سے ساٹھ ڈالر ہونی چاہئے-

انہوں نے کہا کہ اوپیک کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں الجزائر میں آئندہ چھبیس ستمبر کو اوپیک کے رکن ملکوں کے غیر رسمی اجلاس میں ایران جو موقف پیش کرے گا اس پر بات چیت ہوئی-

اوپیک کے سیکریٹری جنرل محمد کیندو نے بھی کہا کہ اس عہدے پر آنے کے بعد ان کی خواہش تھی کہ وہ جلد سے جلد ایران کا دورہ کریں- انہوں نے کہا کہ قطر کے بعد جو اس وقت اوپیک کا چیئرمین ہے، ایران  دوسرا ملک ہے جس کا انہوں نے دورہ کیا ہے-

انہوں نے تیل اور گیس کی صنعت خاص طور پر پیٹروکیمیکل کی صنعت میں ایران کی ترقی و پیشرفت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے کہ بیرونی دنیا کے ماہرین کی نظریں یہاں تک نہ پہنچی ہوں لیکن ایران نے  پیٹرولیم اور گیس کے سبھی میدانوں میں شاندار ترقی کی ہے اور یوں ایران اوپیک کے دیگر رکن ملکوں کے لئے مثال بن سکتا ہے- نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے اوپیک کے نئے سیکریٹری جنرل محمد کیندو کو  گذشتہ دو جون کو اس عہدے کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔