یورپی یونین سے اخراج کے لیے واضح نظام الاوقات بنائیں گے: برطانوی وزیراعظم
برطانوی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے اخراج کے واضح نظام الاوقات کا تعین، تجارتی کمپینوں کی تشویش دور کرنے میں اہم واقع ہو گا۔
وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے عوام اور تجارتی کمپنیاں یورپی یونین سے اخراج کے واضح نظام الاوقات کی خواہاں ہیں۔ ان کا یہ بیان امریکی ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانوی کرنسی کی قیمت میں زبردست کمی کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں برطانوی پونڈ کی قدر پچھلے اکتیس برسوں کے دوران اپنی نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ یورو کے مقابلے میں بھی پونڈ کی قدر میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے آئین کی شق پچاس کے تحت برطانیہ کے اخراج کا عمل مارچ کے آخر میں شروع ہو گا تب ہی برطانیہ اور یورپی یونین اس بارے میں مذاکرات کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کا عمل دو سال میں مکمل ہو گا۔ تھریسامے نے کہا کہ عوام دیکھیں گے کہ ہماری حکومت بغیر کسی مشکل کے اس عمل کو آگے لے کر چلے گی۔