یورپی یونین اور ہندوستان کے درمیان آزاد تجارت سے متعلق مذاکرات کی منسوخی
Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۲۱:۵۱ Asia/Tehran
ہندوستان نے یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارت کے لئے ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیئے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی حکومت نے یورپ کی جانب سے سات سو قسم کی دواؤں کی درآمدات پر پابندی کے باعث اس کے ساتھ اگست میں ہونے والے مذاکرات، منسوخ کر دیئے- یورپی یونین نے ہندوستان کی سات سو قسم کی دواؤں کی درآمدات اور فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کے ممالک میں ان دواؤں کو فروخت کئے جانے کی اجازت نہیں ہے- ہندوستان کی وزارت صنعت و تجارت نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات کی منسوخی کا یہ فیصلہ یورپی یونین کی جانب سے ہندوستانی دواؤں کی درآمدات اور فروخت پر پابندی عائد کئے جانے کے باعث کیا گیا ہے- واضح رہے کہ یورپی یونین کے زیر نگرانی حیدرآباد کی ایک لیبارٹری میں ٹیسٹ کے بعد ان دواؤں کی کیفیت اور معیار کی، تائید بھی کی گئی تھی- ہندوستان کی حکومت کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ ہندوستان اور یورپی یونین کے سینیئر مذاکرات کار، اسی مہینے نئی دہلی میں آزاد تجارت اور دو ہزار تیرہ سے روک دی جانے والی سرمایہ کاری سے متعلق ایک معاہدے کے سلسلے میں گفتگو کرنے والے تھے- ہندوستان کی وزارت تجارت و صنعت کے بیان میں آیا ہے کہ ہندوستان کی حکومت، اس مسئلے کو یورپی یونین کے مختلف قانونی اداروں میں پیش کئے جانے کے مسئلے پر غور کر رہی ہے-