Aug ۳۱, ۲۰۱۵ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاح پر تاکید

ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ترقی پذیر ممالک کی رکنیت اور ان کے کردار میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے دہلی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب سربراہ موگنز لیکٹوفٹ سے ملاقات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا- ہندوستان کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسٹریٹیجک اور جغرافیائی حقائق کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ترقی پذیر ممالک کا کردار بڑھنا چاہئے- ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے گذشتہ برس سے اقوام متحدہ میں شروع ہونے والے متن محور مذاکرات کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے ستمبر میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا - ہندوستان نے سلامتی کونسل کے ڈھانچے میں اصلاح کے لئے گذشتہ عشروں میں ہونے والے لاحاصل زبانی مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک متن کی بنیاد پر مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے- ہندوستان کی وزیر خارجہ نے داعش سمیت دہشت گرد گروہوں کی جانب سے عالمی امن کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو بین الاقوامی دہشت گردی کے سلسلے میں جامع کنونشن کو حتمی شکل دینے کے لئے بھرپور کوشش کرنی چاہئے- ہندوستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لئے برسوں سے کوشش کر رہا ہے اور چین کے علاوہ تمام مستقل اراکین کو اس کے لئے راضی بھی کر چکا ہے-