Feb ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • لشکر طیبہ کے ایک مشتبہ سرغنے عبدالعزیز لکھنئو ہوائی اڈے پر گرفتار

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے انسداد دہشت گردی کے دستے نے لکھنئو ہوائی اڈے پر شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے ایک مشتبہ سرغنے عبدالعزیز کو گرفتار کرلیا ہے

عبدالعزیز پر جنوبی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد میں دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینے کے مقدمات درج ہیں - لشکر طیبہ کے اس مشتبہ سرغنے پر نوجوانوں کو گمراہ کرکے لشکرطیبہ میں شامل کرنے کا بھی الزام ہے - اترپردیش کے اے ٹی ایس دستے نے عبدالعزیز کو گرفتار کر کے تلنگانہ پولیس کے حوالے کر دیا ہے - گرفتار کرنے کے فورا بعد ہی اسے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ عبدالعزیز سعودی عرب کے بھی نوجوانوں کو گمراہ کرکے لشکر طیبہ میں بھرتی کرتا تھا - ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ عبدالعزیز کا نام دہشت گردوں کی اس فہرست میں بھی شامل ہے جو ہندوستانی حکومت نے پاکستان بھیجی تھی اور عبدالعزیز کو ہندوستان کے حوالے کرنے کو کہا تھا - عبدالعزیز کو حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے -