Mar ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: چھتیس گڑھ میں ماؤ نوازوں کا حملہ، بی ایس ایف کے دو جوان ہلاک متعدد زخمی

ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز چھاپہ ماروں کے حملے میں بی ایس ایف کے دو جوان ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

چھتیس گڑھ میں ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ ماؤ نواز چھاپہ ماروں کی سرگرمیوں سے متاثرہ ضلع کانکور کے جنگلی علاقے میں بارڈر سیکورٹی فورس کے جوانوں اور ماؤ نواز چھاپہ ماروں کے درمیان تصادم میں دو فوجی جوان ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے- کانکور کے ڈی ایس پی جینت ویشنو نے ہندوستانی میڈیا کو فون پر بتایا کہ تصادم اس وقت ہوا جب بی ایس ایف اور ضلعی سیکورٹی فورس کا مشترکہ دستہ ایک خصوصی مشن پر تھا- فوج اور سیکورٹی فورس کے مشترکہ دستے کو دیکھتے ہی جنگل میں چھپے ہوئے ماؤ نواز چھاپہ ماروں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں بی ایس ایف کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے- چند روز قبل بھی ماؤنواز چھاپہ ماروں نے ریاست چھتیس گڑھ کے ہی دیہی علاقوں میں حملہ کر کے دسیوں عام شہریوں کو ہلا ک اور زخمی کر دیا تھا-