پاکستانی تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ ایئر بیس کے لئے روانہ
پاکستان کے میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی ٹیم کو پٹھان کوٹ ایئر بیس جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے سے متعلق تحقیقات کیلئے پاکستانی ٹیم امرتسر سے پٹھان کوٹ ایئر بیس کے لئے روانہ ہو گئی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کے دورے کے خلاف ایئربیس کے باہر کانگریس نے احتجاج کیا ہے۔
پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے دورے سے قبل پٹھان کوٹ ائیر بیس کے اطراف مزید سخت سیکورٹی کر دی گئی۔
ادھر ہندوستان کے میڈیا ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کچھ دیر بعد ائیر بیس پہنچ جائے گی، جہاں اسے کرائم سین پر لے جایا جائے گا اور ایئر بیس میں محدود رسائی دی جائے گی۔
ان ذرائع کے مطابق امرتسر پہنچنے پر ٹیم کو بلٹ پروف گاڑیوں میں لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ دو جنوری کو پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے میں سات افراد مارے گئے تھے جن میں ہندوستان کے چھے سیکورٹی اہلکار شامل تھے۔