نریندر مودی کی سعودی عرب میں ہندوستانی مزدوروں سے ملاقات
ہندوستان کے وزیراعظم نے سعودی عرب میں کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات کی ہے۔
آئی بی این ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران اس ملک میں کام کرنے والے ہندوستانی مزدوروں سے ملاقات میں سعودی عرب کی ترقی میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انھوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ سعودی عرب میں تعمیراتی منصوبوں میں سرگرم ہندوستانی مزدوروں کا کام بہت اچھا اور کامیاب رہا ہے، اعلان کیا کہ ہندوستانی حکومت سعودی عرب میں حاصل کیے کئے ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گی۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں تقریبا تیس لاکھ ہندوستانی مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی ہفتے کے روز سعودی عرب پہنچے ہیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران توانائی اور سیکورٹی سے متعلق مسائل اور سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعاون کے بارے میں اس ملک کے حکام سے بات چیت کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔