چین کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت
ہندوستان نے چینی سرمایہ کاروں کو اپنے یہاں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔
ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی نے اپنے چار روزہ دورہ چین کے دوسرے روز چین کے اقتصادی اور صنعتی شہر کوانگجو میں ہندوستان - چین بزنس فورم کو خطاب کرتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے انہیں بہترین مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
صدر پرنب مکھر جی نے کہا کہ ہندوستان میں چینی سرمایہ کاروں کی سرگرمیوں سے دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا ہمیں یقینی طور پر دونوں ملکوں میں پائے جانے والے اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کے صدر نے کہا کہ ہم چین کی منڈیوں میں ہندوستانی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ پہنچانے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں توازن پیدا ہو سکے جو ابھی چین کے حق میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے یہاں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی، چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر منگل کو کوانگجو پہنچے ہیں وہ جمعرات کو بیجنگ جائیں گے جہاں وہ چین کے صدر اور وزیراعظم سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔