نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں ہندوستان کی شمولیت کی مخالفت
چین نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں ہندوستان کی شمولیت کی مخالفت کی ہے۔
خبر رسان ایجنسیوں کے مطابق امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کی جانب سے این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کی حمایت کے بعد سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ چین نے اس کی سختی کے ساتھ مخالفت کی ہے۔
چین کے علاوہ ، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ ، ترکی، جنوبی افریقہ اور آسٹریا بھی این ایس جی میں ہندوستان کی رکنیت کی مخالفت کر رہے ہیں۔
مخالفین کا موقف ہے کہ ہندوستان کو این ایس جی کی رکنیت دینے سے جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
نیوکلیئر سپلائرز گروپ اڑتالیس ممالک کا ایک گروپ ہے جو نیوکلیئر ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کام کرتا ہے۔
ہندوستان نے پچھلے چند برس کے دوران امریکہ کے تعاون سے اپنے ایٹمی پروگرام کو ترقی دی ہے تاہم اس نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے ہیں۔
این ایس جی گروپ کا اجلاس بیس جون کو سیئول میں ہوگا، جس میں ہندوستان کی رکنیت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔