میانمار بنگلہ دیش اور ہندوستان میں زلزلے کے جھٹکے
میانمار میں آنے والے شدید زلزلے کے جھٹکے بنگلہ دیش اور ہندوستان کی مشرقی اور شمال مشرقی ریاستوں میں بھی محسوس کئے گئے۔
میانمار میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مرکزی علاقے میں بدھ کی شام زلزلے کے شدید جھٹکے آئے جس کی وجہ سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا- بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کا مرکز میانمار کے وسطی شہر میکتیلا سے ایک سو تینتالیس کلومیٹر دور ایک علاقہ تھا- میانمار میں آنے والے زلزلے کی قوت، ریکٹر اسکیل پر چھے اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی۔ البتہ زلزلے سے ہونے والے ممکنہ جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی ہے- ہندوستان کے شہروں کولکتہ اور پٹنہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی وجہ سے لوگ سراسیمگی کے عالم میں گھروں، دفتروں اور دوکانوں سے نکل کر باہر بھاگے- ہندوستان کی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ سمیت پورے بہار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے- زلزلہ آتے ہی پٹنہ میں ہر طرف خوف وہراس پھیل گیا- مقامی حکام اور باشندوں کا کہنا ہے کہ پٹنہ میں دس سے پندرہ سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہے- ہندوستان کی ریاستوں آسام اور اڑیسہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔