Sep ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا دورہ ہندوستان

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے دورہ ہندوستان میں نئی دہلی میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔

ہندوستان اور مصر کے سربراہان مملکت نے اپنے تفصیلی مذاکرات کے دوران انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقہ کار تلاش کرنے اور اس سلسلے میں باہمی تعاون پر زوردیا- عبدالفتاح السیسی اور نریندر مودی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے دفاعی اور سیکورٹی شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دینے کا اعلان کیا ہے-

ہندوستان اور مصر کے سربراہان مملکت نے دہشت گر دی اور انتہا پسندی کو سب سے سنگین خطرہ بتایا اور اس بات پر زوردیا کہ اس سے نمٹنے کے لئے مختلف شعبوں منجملہ انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے میں بھی تعاون ضروری ہے-

اس ملاقات کے بعد ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انتہا پسندی ، تشدد اور دہشت گردی اس علاقے میں ایک حقیقی خطرہ ہے- انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور مصر نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بھی فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے-

ہندوستانی وزیراعظم  نے کہا کہ نئی دہلی اور قاہرہ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے پاس باہمی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے جو مواقع اور صلاحیتیں موجود ہیں ان سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا ہے- مذاکرات کے بعد ہندوستان اور مصر کا مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا-