Sep ۰۹, ۲۰۱۶ ۲۱:۱۵ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی غلطی نہ دوہرائی جائے: فاروق عبداللہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کشمیر کے موجودہ بحران کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی غلطی نہ دوہرائے-

نیشنل کانفرس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سری نگر میں پارٹی کارکنوں سے غیر رسمی ملاقات میں کہا کہ مرکزی حکومت کو طاقت کے بل پر کشمیر کے مسئلےکو حل کرنے کی غلطیاں نہیں دوہرانی چاہئیں - انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل خطے میں دیر پا امن کی واحد ضمانت ہے -

ان کا کہنا تھا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کی امنگوں اور خواہشات و جذبات کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں ہی، ریاست اور خطے میں دیر پا امن کا راز مضمر ہے - انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہندوستان اور پاکستان کو کشمیریوں کے ساتھ مل بیٹھ کر ایک قابل قبول حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے -