وادی کشمیر میں صورتحال بدستور کشیدہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ستترہویں روز بھی سخت بندشوں اور بعض علاقوں میں غیراعلانیہ کرفیو کے باوجود پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا-
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ سری نگر اور وادی کے دیگر شہروں کے صدرمقامات کی مساجد میں اس ہفتے بھی جمعے کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی - علیحدگی پسند جماعتوں کی اپیل پر لوگوں نے کئی مقامات پر مارچ نکالنے کی کوشش لیکن پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنادیا -
اس موقع پر جنوبی کشمیرکے کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد افراد زخمی ہوگئے - سری نگر کے تین تھانہ علاقوں اور اننتناگ ، شوپیاں، پلواما اور کلگام میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھنے کو ملے - اس درمیان علیحدگی پسند جماعتوں کی کال پر جمعے کو بھی ہڑتال رہی جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے -
جمعے کو بھی تجارتی مراکز، اسکول اور دفاتر بند رہے جبکہ سڑکوں پرپبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر تھا - دریں اثنا سری نگر میں حکام کا کہناہے کہ وادی میں حالات پچھلے چار پانچ روز سے تیزی کے ساتھ بہتر ہورہے ہیں اور سری نگر میں نجی گاڑیوں کی آمد و رفت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے -