Oct ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۶ Asia/Tehran
  • روس ہندوستان کا اسٹریٹیجک حلیف ہے: ہندوستان کے وزیر دفاع پاریکر

ہندوستان کے وزیر دفاع نے روس کو اسٹریٹیجک دفاعی حلیف قرار دیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر دفاع منوہرپاریکر نے روس اور ہندوستان کی مشترکہ سرکاری کمیٹی کے سولہویں اجلاس کی افتتاحی تقریر میں کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے فوجی معاہدوں کی بابت روس کی تشویش بلاوجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس ایک قابل بھروسہ حلیف ہے جس کے ساتھ تعلقات جاری رہیں گے۔ ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ روس کے ساتھ فوجی ٹریننگ اور مشترکہ مشقوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور فوج کے سربراہی سطح کے تعلقات میں فروغ لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ روس نے اس وقت ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کی بابت تشویش ظاہر کی تھی، جب ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ لاجسٹک لین دین کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت امریکی فوجیوں اور عہدے داروں کو ہندوستان کے فوجی اڈوں اور مراکز تک دسترسی حاصل ہوگی۔

یاد رہے کہ ہندوستان نے گذشتہ دنوں گوا میں منعقد ہونے والے بریکس اجلاس کے موقع پر، متعدد کاموف ہیلی کاپٹر کی مشترکہ پروڈکشن، ایس چار سو دفاعی سسٹم اور چار جنگی جہاز کی خریداری سمیت  روس کے ساتھ متعدد فوجی منصوبوں پر دستخط کئے تھے۔

روس کے صدر پوتین اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے مابین ملاقات کے ایک ہفتے کے بعد، ہندوستان نے روس سے ایٹمی آبدوز کرائے پر لینے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس نئے معاہدے کی مالیت دو ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔