او آر او پی معاملے پر مودی حکومت کے خلاف حزب اختلاف سخت
ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں خاص طور پر کانگریس پارٹی نے او آر او پی معاملے پر حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے
سابق فوجی رام کشن گریوال کی خودکشی کے معاملے پر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی مسلسل مرکزی حکومت پر حملہ بول رہے ہیں - راہل گاندھی نے جمعے کو بھی نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں ون رینک ون پینشن یا او آر او پی کے معاملے پر مرکزی حکومت پر جم کر حملہ کیا- ان کا کہنا تھا کہ سابق فوجیوں نے انہیں بتایا ہے کہ یہ پیسے کا نہیں بلکہ عزت اور وقار کا معاملہ ہے - راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مرکز میں برسر اقتدار مودی حکومت نے سابق فوجیوں سے کئے گئے اپنے وعدے کو اب تک پورا نہیں کیا - راہل گاندھی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت عوام کے ساتھ ساتھ فوجیوں کو بھی دھوکہ دے رہی ہے - ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنعتکاروں کے لئے خزانے کا منہ کھول دیا ہے - لیکن کسانوں اور جوانوں کے لئے حکومت کے پاس کچھ بھی نہیں ہے - انہوں نے خود کو حراست میں لئے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کے بقول جو بھی اس حکومت کے خلاف آواز اٹھائے گا اس کے ساتھ یہی سلوک کیا جائے گا لیکن سابق فوجی رام کشن گریوال کے گھروالوں کے ساتھ پولیس نے جو بدسلوکی کی ہے اس پر حکومت کو معافی مانگنی چاہئے -