ہندوستان: اکھلیش اور راہل گاندھی کی مشترکہ پریس کانفرنس
یوپی اسمبلی انتخابات کو لے کر گٹھ بندھن کرنے والی سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے انتخابی مہم کا بگل بجا دیا ہے۔
آج اتوار کو لکھنؤ کے تاج ہوٹل میں منعقد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعلی اکھلیش اور راہل گاندھی ایک ساتھ پہنچے۔ راہل گاندھی نے مشترکہ پریس کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتحاد یوپی میں فرقہ وارانہ طاقتوں کو روکنے کے لئے کیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ میرے اکھلیش کے ساتھ جو ذاتی تعلقات ہیں، وہ اب سیاسی طور پر بھی ہو گئے ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس میںاکھلیش یادو نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہئیے کہ ہم 300 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔ ہم دونوں ترقی، خوشحالی کے پہیے ہیں، مل کر آگے بڑھائیں گے۔ ہم ایک دوسرے کو جانتے ہیں، بڑی بات یہ ہے کہ ہمیں اب ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ آبادی کے لحاظ سے یوپی ایک بڑی ریاست ہے، ملک کو راہ دکھاتا ہے۔ میں اعتماد دلا سکتا ہوں کہ جس رفتار سے یوپی میں کام ہوا ہے، کانگریس کے آ جانے سے اور بھی تیزی سے کام ہوگا۔