بی جے پی کواترپردیش کےانتخابی نتائج سے جھٹکا
سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کو اترپردیش کے انتخابات کے نتائج سے جھٹکا لگے گا۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج صبح لکھنؤ میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مشترکہ پروگرام جاری کیا۔
ایس پی۔ کانگریس کے مشترکہ پروگرام کے اہم نکات میں غریبوں کے لئے اسمارٹ فون، ہنرمندی کا فروغ، مفت سائکلیں اور مکان شامل ہیں۔
اکھلیش نے کہا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ کے ابتدائی ووٹنگ کے رجحانات سے خوش ہوں۔ ابتدائی ووٹ ایس پی۔ کانگریس اتحاد کو ملے اور اس وجہ سے اتحاد آگے رہے گا۔ یہ انتخابات ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہیں۔ جبکہ راہل نے کہا، ہمیں نوجوانوں اور دور اندیشی والی حکومت چاہئے۔ مشترکہ پروگرام میں یہ دس نکات ترقی کی بنیاد ہیں۔
اکھلیش اور راہل گاندھی نے اس دوران وزیراعظم نریندرمودی پرکڑی نکتہ چینی کی۔ اکھلیش نے کہا کہ وزیراعظم اور بی جے پی کو لوگوں کو 'گمراہ' نہیں کرنا چاہئے اور آگے آکر یہ بتانا چاہیے کہ انہوں نے ریاست کو کیا دیا، جہاں سے این ڈی اے کے سبھی ممتاز رہنما منتخب ہوئے ہیں۔
راہل گاندھی نے بھی پی ایم مودی پرکئی زبانی حملے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی وزیراعظم کے طور پرناکام ہیں، انہیں اتر پردیش کے انتخابات کے نتائج سے جھٹکا لگے گا۔
راہل نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس میں 403 سیٹوں میں سے 99 فیصد پر کوئی مسئلہ نہیں ہے، باقی سیٹوں پر مسائل کو حل کیا جا رہا ہے۔ ہم ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ یہ کہنا غلط ہے کہ اتحاد میں کوئی کوآرڈنیشن نہیں ہے۔