کشمیرمیں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی پرتاکید
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے پولیس سربراہ ایس پی وید نے کہا ہے کہ کشمیر میں آخری عسکریت پسند کی ہلاکت تک انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں جھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والے پولیس کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں پولیس لائنز سری نگر میں منعقدہ تقریب کے موقع پر پولیس سربراہ ایس پی وید نے نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وادئ کشمیر میں آخری عسکریت پسند کی ہلاکت تک انسداد عسکریت پسندی کی کارروائی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین کم از کم 14 گھنٹوں تک جاری رہنے والی شدید جھڑپ میں حزب المجاہدین (ایچ ایم) سے وابستہ دوعسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
جھڑپ کے دوران جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کا ایک کانسٹیبل ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت 5 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔