Apr ۱۲, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا، حزب اختلاف کی جماعتوں کا بیان

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے صدر پرنب مکھرجی سے ملاقات کر کے کہا ہے کہ مودی کے دورحکومت میں لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو گیا ہے اور ملک میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔

کانگریس کی قیادت میں ہندوستان کی حزب اختلاف کی تیرہ جماعتوں کے رہنماؤں نے بدھ کو صدر پرنب مکھر جی سے ملاقات کی-

اس ملاقات میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے ہندوستان کے صدر جمہوریہ کے سامنے ای وی ایم میں گڑبڑی، راجستھان کے ضلع الور میں گئو رکشکوں کے حملے میں ایک مسلمان کے بہیمانہ قتل اور خفیہ ایجنسیوں کے بیجا استعمال کا معاملہ اٹھایا-

اس وفد میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، نائب صدر راہل گاندھی اور کانگریس کے کئی دیگر اعلی رہنما اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ڈی راجا سمیت مختلف جماعتوں کے رہنما شامل تھے-

ملاقات کے بعد راشٹرپتی بھون کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد نے کہا کہ ملک میں خوف کا ماحول ہے- انہوں نے کہا کہ مودی کی موجودہ حکومت میں لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے-

غلام نبی آزاد کا کہنا تھا کہ ای وی ایم یا الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کے تازہ معاملے نے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے-

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں قانون کی بالادستی ہونی چاہئے لیکن پورے ملک میں لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے-