Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • نریندرمودی اورمحبوبہ مفتی کا کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی نے کشمیر کی صورتحال کے سلسلے میں ہندوستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے وادی میں جاری تشدد اور سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں جیسے واقعات پر کل پیر کو نئی دہلی میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات اور گفتگو کی۔ محبوبہ مفتی نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ اس قسم کی کشیدہ صورتحال میں بات چیت ممکن نہیں ہے۔

محبوبہ نے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں امن صرف سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی پالیسیوں پر چل کر ہی آ سکتا ہے۔

کشمیر کی وزیر اعلی نے کہاکہ اس ملاقات میں کشمیر کے حالات اور قانون و انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ایسے حالات سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے۔ ایک طرف سے پتھر چلتے ہیں تو دوسری جانب سے گولیاں اوراس سے نوجوان مایوس ہیں۔

دوسری جانب کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے کشمیر بالخصوص سری نگر میں طالب علموں کے احتجاجی مظاہروں کو ایک نئی پریشانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیراعلیٰ نےاپنی نوکری بچانے کے لئے نئی دہلی میں نریندر مودی سے ملاقات کی ۔

انہوں نے محترمہ مفتی کی نئی دہلی میں وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وزیر اعلیٰ اپنی نوکری کو مزید تین ماہ تک بچانے میں کامیاب ہوئی ہیں، تاہم اُن کے اقتدار میں رہتے ہوئے کسی بھی بہتری کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔

 

ٹیگس