May ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
  • حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمد کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں پرتشدد مظاہرے

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمد اور اس کے تین ساتھیوں کو ہلاک کئے جانے کے بعد پوری وادی میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہندوستانی سیکورٹی فورس اور فوجی اہلکاروں نے جنوبی کشمیر کے ترال قصبے میں ایک انکاؤنٹر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمد اور اس کے تین ساتھیوں کو ہلاک کردیاہے- ترال میں مسلح عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جمعے کی رات سے ہی شروع ہوگیا تھا - ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح سیکورٹی فورس اور فوجی اہلکاروں نے سبزار احمد اور اس کے تین ساتھیوں کو اس انکاؤنٹر میں مار گرایا ہے- حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ان دو گھروں کو بھی جن میں یہ مسلح عسکریت پسند روپوش تھے مارٹر سے نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے دونوں مکانات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے - سبزار احمد کی ہلاکت کی خبر سامنے کے آنے کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں دسیوں افراد زخمی ہوگئے ہیں - حکام نے وادی میں انٹرنیٹ سروس منقطع کردی ہے - جبکہ وادی کے بیشتر علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہےسبزار احمد کو گذشتہ برس آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے جواں سال کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد حزب المجاہدین کا کمانڈر بنایا گیا تھا - سبزار کی ہلاکت کو ہندوستانی فوج، اپنی بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔