Sep ۰۵, ۲۰۱۷ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  • مسلمانوں کے قتل عام کے دوران ہندوستانی وزیراعظم کا دورہ میانمار

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی میانمار کے دو روزہ سرکاری دورے پر یانگون پہنچے ہیں

ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی اپنے دو ملکوں کے سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے میں منگل کو میانمار پہنچے۔

اس سے پہلے انہوں نے برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے چین کا دورہ کیا تھا۔

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دورہ میانمار میں دوطرفہ معاملات خاص طور پر علاقائی سیکورٹی کے معاملے پر میانمار کے حکام سے بات چیت کریں گے۔

ہندوستانی وزیراعظم نے میانمار کا ایک ایسے وقت دورہ کیا ہے جب میانمار کی فوج کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف پوری دنیا میں میانمار کی حکومت اور فوج کی مذمت کی جارہی ہے۔

روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف خود ہندوستان کے دارالحکومت دہلی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے ہیں۔

ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی بدھ  کو میانمار کی اسٹیٹ کونسلر آنگ سان سوچی سے بھی ملیں گے۔

روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر خاموشی اختیار کرنے کی بنا پر اقوام متحدہ سمیت دنیا کے مختلف اداروں اور رائے عامہ کی طرف سے امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی آنگ سان سوچی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس درمیان ہندوستان میں پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں نے منگل کو دہلی میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور میانمار کی حکومت، فوج اور انتہا پسند بودھسٹوں کے ہاتھوں صوبہ راخین میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی۔