Mar ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی لوک سبھا میں ہنگامہ، حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ملتوی

ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد، اراکین کے ہنگامے کے سبب پیش نہ ہو سکی اور کارروائی منگل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

حکمراں اتحاد سے علیحدہ ہونے والی جماعت تیلگو دیشم پارٹی اور اے آئی اے ڈی ایم کے، کے اراکین نے ایوان میں زبردست ہنگامہ کیا جس کے نتیجے میں پہلے کارروائی بارہ بجے تک اور اس کے بعد پورے دن کے لئے ملتوی کرنا پڑی-

تیلگودیشم پارٹی اور وائی ایس آر نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے تین نوٹس دیئے ہیں- ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ نہ دیئے جانے سے ناراض تیلگودیشم پارٹی پہلے حکمراں اتحاد سے الگ ہوئی اور اب اس نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کر دی-

بی جے پی کو اپنی حکومت بچانے کے لئے ایوان میں دو سو انہتر ووٹوں کی ضرورت ہے جبکہ اس کے پاس دو سو پچہتر ارکان ہیں-

البتہ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ خود بی جے پی کے بھی متعدد ارکان پارلیمنٹ حکومت سے ناراض ہیں- پیر کو ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے سے قبل وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے حکومت کی طرف سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لئے تیار ہے-

ہندوستان میں سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیا جانا مودی حکومت کے لئے ایک بڑا جھٹکا ہے- تحریک عدم اعتماد کی مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس نے بھی حمایت کی ہے -