ہندوستان کے چیف جسٹس کے خلاف مواخذے کی تحریک مسترد
ہندوستان کےنائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستان کے چیف جسٹس (سی جے آئی) دیپک مشرا کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے والی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق، ہندوستان کے اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال اور آئین کے ماہرین سے بات چیت کے بعد نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سی جے آئی کے خلاف عائد کردہ الزامات بے بنیاد پائے گئے جس کے بعد یہ تجویز مسترد کردی گئی۔
دیپک مشرا کے خلاف مواخذے کی تجویز لانے کے لئے کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن نے جمعہ کو نائب صدر کو نوٹس دیا تھا۔ اپوزیشن کی تجویز پر 7 جماعتوں کے 71 ممبران پارلیمنٹ نے دستخط کئے تھے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے لیڈروں نے کہا تھا کہ اگر چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا کے خلاف دیئے گئے تحریک مواخذہ کا نوٹس ایم وینکیا نائیڈو خارج کردیتے ہیں تو پارٹی سپریم کورٹ کا رخ کرے گی۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ جمعہ کو کانگریس اور چھ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے ملک کے چیف جسٹس پر عہدے کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف مواخذہ کی تحریک کا نوٹس دیا تھا۔