چیف جسٹس آف انڈیا کے خلاف تحریک مواخذہ کا نوٹس نامنظور
ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے چیئرمین نے چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا کے خلاف تحریک مواخذہ کے نوٹس کو نامنظور کردیا ہے
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا کے خلاف کانگریس سمیت سات اپوزیشن جماعتوں کے ممبران پارلمینٹ کے مواخذے کی تحریک کے نوٹس کو نامنظور کردیا ہے - نائب راجیہ سبھا کے چیئرمین وینکیا نائیڈو نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کا چیف جسٹس کے طرز عمل پرمیڈیا کے سامنے بات کرنا پارلیمانی وقار اور جواز کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ اس سے چیف جسٹس کے عہدے کا وقار بھی مجروح ہوتا ہے - نائیڈو کا کہنا ہے کہ قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد مواخذے کی تحریک کو نامنظور کیاگیا - دوسری جانب حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے دیپک مشرا کے خلاف تحریک مواخذہ کا نوٹس نامنظور کئے جانے کے بعد قانونی ماہرین سےرائے مشورہ لینے کا فیصلہ کیا ہے - کانگریس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ میں جائے گی اور نوٹس نامنظور کئے جانے کے خلاف شکایت کرے گی